جہلم(روشن پاکستان نیوز) ضلع جہلم کے تھانہ دینہ کی حدود میں واقع ایک مدرسے کے استاد کو 3 طالبات کا جنسی استحصال کرنے اور دیگر 7 کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کی رات متاثرہ طالبعلم کے والد محمد شہزاد نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کا 14 سالہ بیٹا عبدالرحمٰن جامعہ دارالقرآن کا طالب علم ہے اور قرآن حفظ کر رہا ہے۔
شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ ان کے بیٹے کو گزشتہ اتوار کی شام مدرسے کے ایک کمرے میں استاد نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ استاد نے 2 دیگر طالب علموں کو بھی استحصال کا نشانہ بنایا۔
جمعے کی رات موصول ہونے والی شکایت کے بعد دینہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، اس کے علاوہ ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 (3) اور 377 بی کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم ناصر محمود باجوہ نے تصدیق کی کہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور سینئر پولیس افسران کی ٹیم اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی کاسینیٹ انتخابات میں ن لیگ کی سپورٹ کا اعلان
رابطہ کرنے پر ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے ڈان کو تصدیق کی کہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا اور ہفتے کو متاثرہ بچوں کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔











