برسبین(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کی سابقہ رہنما ملیکہ بخاری کی ہمشیرہ برسبین میں انتقال کر گئیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی بروقت مداخلت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رہنما ملیکہ بخاری کو بیمار بہن سے ملاقات کیلئے بیرونِ ملک سفر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
ملیکہ بخاری نے ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں اپنی بڑی بہن کی بیماری کے باعث بیرون ملک جانے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ‘میری بہن کوما میں ہے اور انہیں برین ہیمرج ہوا ہے، وہ وینٹی لیٹر پر اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں، ڈاکٹروں نے ہمیں یہ فیصلہ کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت دیا ہے کہ آیا وہ انہیں مردہ قرار دیں گے یا وینٹی لیٹر پر رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے دیگر بہن بھائی بیمار بہن کے پاس آسٹریلیا جارہے ہیں لیکن مجھے ایک سال سے غیر قانونی نو فلائی ٹریول لسٹ میں رکھا ہوا ہے، میری بہن کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں، وہ میرے لیے ماں ہے اور میں اسے آخری بار ذاتی طور پر دیکھنا چاہتی ہوں۔
سابقہ پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے یہ بھی اپیل کی گئی تھی کہ میں ریاست سے درخواست کرتی ہوں کہ مجھے بہن کے پاس جانے کے لیے ایک بار سفر کی اجازت دی جائے، یہ میرا بنیادی حق ہے اور ہمارا مذہب، اخلاقیات اور ملک کا قانون بھی یہی حکم دیتا ہے۔
اب آج ملیکہ بخاری نے بہن کی قبر کی تصویر جاری کرتے ہوئے انتقال کی خبر ایکس اکاؤنٹ پر دی، انہوں نے لکھا کہ ’ہم نے ابھی اپنی پیاری بہن کو برسبین میں سپردخاک کردیا، براہِ کرم سید علی قصور بخاری کی صاحبزادی، میری بہن سیدہ ارم علی بخاری کے لیے سورہ فاتحہ اور نماز وحشت پڑھیں۔
ملیکہ بخاری کے اس ٹوئٹ پر پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے ردعمل دیتے ہوئے ‘اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور آپ کو اور گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔