ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے زیرِ اہتمام ایک اہم اور خصوصی اجلاس ریاض میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے نوجوان اور متحرک رہنما عبدالقادر خان کو ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن سیل (RCC) سعودی عرب کا انچارج مقرر کر دیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان سے آئے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری سجاد نذیر نے خصوصی شرکت کی۔
ریاض میں منعقدہ اس اجلاس کی میزبانی پیپلز پارٹی گلف کلچرل ونگ کے صدر قاضی اسحاق میمن نے کی۔ تقریب کے دوران عبدالقادر خان کو RCC کے سربراہ سینیٹر ندیم احمد بھٹو کی جانب سے جاری کردہ تقرری کی سند پیش کی گئی، جسے شرکائے اجلاس نے بھرپور انداز میں سراہا۔
اس موقع پر چودھری سجاد نذیر، قاضی اسحاق میمن، ملک فقیر حسین اور حنیف بابر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب میں RCC کا قیام پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ مقررین نے اس اقدام کو نہ صرف پارٹی کی کارکردگی میں بہتری کا ذریعہ قرار دیا بلکہ اسے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں مؤثر پیش رفت بھی قرار دیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما اور آر سی سی گلف کے انچارج چودھری سجاد نذیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے تمام صوبوں سمیت 67 فیصد رقبے پر عوامی نمائندگی رکھنے والی بڑی جماعت ہے، جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت اور عوامی ترجمانی کے مشن پر کاربند ہے۔
اجلاس کے دوران سانحہ کارساز کے شہداء سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں ریاض راٹھور اور عبدالرحمن گجر کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
تقریب میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی، سیاسی اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔











