جدہ(روشن پاکستان نیوز) جدہ میں قونصلیٹ جنرل پاکستان کے احاطے میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ بجایا گیا۔ یہ تقریب قونصل خانے کی نئی تعمیر شدہ خوبصورت عمارت میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم پاکستان اور نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
قونصل جنرل پاکستان جدہ، سید مصطفیٰ ربانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا رشتہ ایمان، تاریخ اور باہمی احترام پر مبنی ہے اور وقت کی ہر آزمائش میں یہ دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے دیں۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہی اصول آج بھی ہماری قومی ترقی کی بنیاد ہیں۔
قونصل جنرل نے جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن نہ صرف سعودی عرب کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں بھی نمایاں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک سعودی دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی اور دونوں ممالک ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور ایتھنک میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے کیونکہ اسی روز 1940 میں قراردادِ لاہور منظور کی گئی تھی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دکی گئی۔











