ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی دارالحکومت میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان انٹرنیشنل سکول کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کر دیا گیا جس میں سفارتی افسران، اساتذہ، والدین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان انٹرنیشنل سکول اردو سیکشن گزشتہ پانچ دہائیوں سے لاکھوں پاکستانی بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتا چلا آرہا ہے۔
سفیر پاکستان احمد فاروق نے سکول کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا اور اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بچے تعلیمی میدان میں اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ان بچوں کے لیے سکول کی نئی بلڈنگ ان کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرے گی۔
سکول کے پرنسپل راجہ محمد عرفان، لنک آفیسر اقراء اشرف، پروفیسر انوارالحق اور دیگر کا کہنا تھا کہ سکول کی نئی بلدنگ میں نئی تعلیمی جدت کو بھی متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ طلباء اور طالبات نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوسکیں۔
افتتاحی تقریب میں طلباء نے شاندار ٹیبلوز بھی پیش کئے۔