بلیک برن(روشن پاکستان نیوز) پیر حق خطیب کی نام نہاد کرامات نے پاکستان کے علاوہ برطانیہ میں بھی لوگوں کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ یہ جعلی پیر اپنے عقیدتمندوں کی تکالیف کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ایک نئی ’کرامت‘ کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ وہ مریضوں سے لوہے کی سوئیاں، کیلیں اور گولیاں نکالنے کا دعویٰ کرتا ہے اور لوگوں کو یقین دلاتا ہے کہ یہ اس کی روحانی طاقت کا نتیجہ ہے۔
لیکن جب اس کی کرامات کا پردہ چاک کیا گیا، تو حقیقت سامنے آئی کہ اس کے پیچھے کوئی روحانی طاقت نہیں، بلکہ یہ سب ایک فریب تھا۔ اس کی ‘کرامات’ کے پیچھے اسٹنٹ مین کا کمال تھا، جو اپنے منہ میں سوئیاں، کیلیں اور گولیاں رکھ کر لوگوں کو دھوکہ دینے میں کامیاب ہو رہا تھا۔ یہ بے وقوف بنانے کی کوشش ایک لمبے عرصے سے جاری تھی، اور اب اس کا انکشاف ہونے کے بعد کئی افراد کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔
برطانیہ میں بھی پیر حق خطیب کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وہ وہاں کے لوگوں کے جذبات سے کھیل کر اپنی جعلی طاقتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ فریبکار افراد ان کی کمزوریوں کا فائدہ اُٹھا کر ان سے رقم بٹورنے کی کوشش کرتے ہیں۔ برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی اس قسم کے دھوکے کی کامیابی یہ ظاہر کرتی ہے کہ تواہم پرستی اور عقیدت میں گمراہ ہونے کے رجحان کا خاتمہ ضروری ہے۔
سوشل میڈیا پر اس کی کرامات کا انکشاف ہوتے ہی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ ایک صارف نے کہا کہ “اگر چھتر مارنے کا لائیو آپشن ہوتا تو ضرور استعمال کرتا”۔ دوسرے صارف نے لکھا کہ “یہ کہنا ان لوگوں نے غلط ثابت کردیا کہ پاکستان میں غربت اور تعلیم کی کمی کی وجہ سے لوگ ڈونگیوں کے فریب میں آتے ہیں۔ اب بتائیں برطانیہ میں نہ غربت ہے نہ تعلیم کا فقدان، پھر یہ لوگ اس ڈبہ پیر کی پیروی کیوں کر رہے ہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ نسل در نسل تواہم پرستی کی جڑیں گہری ہو چکی ہیں، مسلمان تو ہیں لیکن وہ بتوں کی پوجا چھوڑ کر اب بہروپیوں کی پوجا کر رہے ہیں۔ تعلیم تو حاصل کی لیکن جہالت سے چھٹکارا نہیں پا سکے۔”
ایک اور صارف نے کہا “ایسے لوگوں کے پیر اور لیڈر ایسے ہی ہوں گے”۔ اور ایک صارف نے یہ بھی لکھا کہ “جہالت ہے صرف، اور یہ بندہ اس جہالت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ارب پتی بن چکا ہے۔”
مزید پڑھیں: جعلی ڈگری، پی آئی اے کے برمنگھم ڈپٹی اسٹیشن مینیجر جاوید باجوہ فارغ
اس صورتحال کا خاتمہ تب ہی ممکن ہے جب لوگ اپنی عقل و فہم کو استعمال کرتے ہوئے ایسی جعلی شخصیات سے بچیں اور حقیقت کا سامنا کریں۔ یہ تمام واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جب تک ہم شعور کی دولت سے آراستہ نہیں ہوں گے، ایسے فریبکار اپنے مفادات کے لیے لوگوں کو گمراہ کرتے رہیں گے۔