گوجرانوالہ(دلشاد علی) صوبائی وزیر بلدیات وکمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے ،محدود وسائل میں رہنے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں شہریوں کو ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر دفتر گوجرانوالہ میں ویڈیولنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کمشنر نوید حیدر شیرازی‘ ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی ،ڈوثرن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ، ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ،سی اوز میونسپل کارپوریشنز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران‘ممبران اسمبلی عمران خالد بٹ،عمرڈار،قیصرسندھو،سابق ایم پی اے توفیق بٹ اور سلمان خالد بٹ نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کی زیر صدارت”ستھراپنجاب“ پروگرام کے تحت کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں نئے عزم کے ساتھ عوامی خدمت کا آغاز ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ہمارا فرض اور افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے‘ عام آدمی کی خدمت میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 64لاکھ کم آمدنی والے گھرانو ں کو30 ارب کا نگہبان رمضان راشن پیکیج وزیراعلی مریم نواز شریف کا بہترین اقدام ہے‘ عوامی نمائندگان اور افسران پر مشتمل ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹیاں نگہبان رمضان راشن کی تقسیم ،شفافیت کی نگرانی کررہی ہیں‘ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف عام آدمی کی معاشی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں‘ ملکی تاریخ میں پہلی بار نگہبان رمضان راشن عام آدمی کی دہلیز پر پہنچایا جارہا ہے۔
اجلاس میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز نے صوبائی وزیر کو ”ستھرا پنجاب“ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوجرانوالہ/ گجرات ڈویژنز کی 761 یونین کونسلوں میں ”ستھرا پنجاب پروگرام“ پر عمل جاری ہے‘ اب تک 547 یونین کونسلوں میں ”زیروویسٹ“ کو یقینی بنادیاگیاہے‘514 یونین کونسلوں میں وال چاکنگ ختم کی گئی اور429 واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل فنکشنل ہیں جبکہ 2290 مین ہول کور لگائے اور تبدیل کئے جاچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان پیکیج کے تحت اب تک 2لاکھ31ہزار961 خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جاچکا ہے‘گراں فروشوں کے خلاف کاروائیوں میں 8لاکھ47ہزار سے زائد نقد جرمانہ کیاگیاہے‘ ڈویژن میں 26 گراں فروشوں کو گرفتار کیاگیاہے۔ اجلاس میں ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ستھرا پنجاب پروگرام اور نگہبان رمضان راشن پیکج پر بریفننگ دی۔
اجلاس میں ممبران اسمبلی نے صوبائی وزیر کو اپنے حلقوں میں مسائل بارے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو فوری طور پر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ممبر صوبائی اسمبلی عمر ڈار نے نوشہرہ روڈ مین ڈرین بند ہونے کی شکایت کی جس پر کمشنر نے ڈائریکٹر واساکوفوری ڈرین کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی جبکہ ڈائریکٹر واسا نے بتایا کہ اس ڈرین کا منصوبہ اے ڈی پی میں شامل ہے بہت جلد ٹینڈر مکمل کرکے اسے نئے سرے سے تعمیر کرایا جائے گا۔
ممبران اسمبلی نے دیگر مسائل کی طرف بھی توجہ دلائی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا از سر نو سروے کا بھی مطالبہ کیا اور حکومتی اقدامات میں ممبران اسمبلی کی شمولیت یقینی بنانے پر بھی توجہ دلائی ۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے سستا ماڈل بازار پیپلز کالونی کا دورہ کیا اور وہاں پر ایگریکلچر فئیر پرائس شاپ پررعایتی نرخوں پر فراہم ہونے والے پھلوں سبزیوں کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا اورصفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔مینجر ماڈل رمضان بازار عادل سجاد نے انہیں انتظامات بارے بریفننگ دی