وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اہم ارکان کے ہمراہ آج جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے عسکری قیادت سے قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہیں موجودہ سیکورٹی ماحول، خطرے کے اسپیکٹرم، سیکورٹی خطرات کا مقابلہ کرنے اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور قربانیوں اور ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے عزم کو سراہا۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عروج پرہےاورقیام امن کیلئےمسلح افواج کےکردارکوسراہتےہیں۔
آرمی چیف نے دورے اور فوج پر اعتماد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی اور پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔
دورے کے اختتام پر سویلین اور عسکری قیادت نے قومی مفادات کو برقرار رکھنے اور خوشحال اور محفوظ پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔