اسلام آبا د(روشن پاکستان نیوز)چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے بدھ کے روز کہا کہ آئیسکو انتظامیہ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے خصوصاً سحر و افطار کے دوران قیمتی صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی، بہترین اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے روڈ میپ کو حتمی شکل دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور تمام آپریشن سرکلز میں مانیٹرنگ رومز قائم کر دیے گئے ہیں جہاں 114 نمبر 132 کے وی گرڈ سٹیشنز اور 1360 نمبر 11 کے وی فیڈرز پر بجلی کے تسلسل کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لیے اعلیٰ افسران عملہ کے ساتھ موجود رہیں گے۔ مانیٹرنگ ٹیمیں فیڈرز پر خرابیوں اور ٹرپنگ کی جلد از جلد اصلاح کو بھی یقینی بنائیں گی اور فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں گی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال جیسے شدید بارش وغیرہ میں یہ مانیٹرنگ ٹیمیں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے طور پر بھی کام کریں گی۔