هفته,  23 نومبر 2024ء
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی ڈویژن کیجانب سےشیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

لاہور(روشن پاکستان نیوز)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی ڈویژن بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل بینچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت کی۔

سمن پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ اور سیکشن آفیسر ای سی ایل عدالت میں پیش ہوئے۔

وزارت داخلہ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری داخلہ مصروفیت کے باعث سپریم کورٹ میں حاضر نہیں ہوسکے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں کس بنیاد پر ڈالا گیا، جس پر وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ سابق وزیر داخلہ کا نام گزشتہ سال 23 جون کو نیب کے خط کی بنیاد پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ نیب حکام ان سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں معلومات حاصل کرنا چاہتے تھے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نیب کے مطابق شیخ رشید ملزم نہیں، دو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

عدالت نے دو بجے تک تحریری طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت کی کہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔

سماعت دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

بعد ازاں سماعت دوبارہ شروع ہوئی، لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان اور مرزا وقاص رؤف نے فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید احمد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔

مزید خبریں