هفته,  23 نومبر 2024ء
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے الیکشن کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس صبح پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف نومنتخب اراکین سے حلف لیں گے اور حلف کے بعد تمام ممبران رجسٹر پر دستخط کریں گے۔

ارکان قومی اسمبلی کے حلف اٹھانے کے بعد پہلا مرحلہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔

تاہم اب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر آج دوپہر 12 بجے سے پہلے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے اور قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب یکم مارچ بروز جمعہ کو ہو گا۔

مسلم لیگ ن نے ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے نامزد کیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے غلام مصطفی شاہ کو ڈپٹی اسپیکر کے لیے نامزد کیا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے کسی کو بھی نامزد نہیں کیا گیا جبکہ جے یو آئی نے تاحال یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دے گی یا اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔

مزید خبریں