هفته,  23 نومبر 2024ء
ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو شکست دیدی

لاہور(روشن پاکستان نیوز)پاکستان سپر لیگ کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 60 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پانچویں فتح حاصل کرلی۔

ملتان سلطانز کے 215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 17 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اسامہ میر نے 40 رنز بنائے اور 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ،لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سلطانز کے بلے بازوں نے پراعتمادبیٹنگ سے اسکور کو آگے بڑھایا، عثمان خان نے تیز رفتار نصف سنچری اسکور کی۔ جبکہ افتخار احمد نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے عثمان خان کا ساتھ دیا۔ عثمان خان صرف 4 رنز سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 90 کی دہائی میں گھبراہٹ کے باعث آخری اوور میں آؤٹ ہو گئے۔

انہوں نے 55 گیندوں پر 96 رنز بنائے۔جس میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ افتخار احمد نے 18 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

اس کے علاوہ ملتان کی جانب سے رضا ہینڈرکس نے 40 اور طیب طاہر نے 21 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سکندر رضا اور کارلوس بریتھویٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ ملتان سلطانز نے کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔قبل ازیں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ وہ اسکور بورڈ پر بڑا اسکور لگائیں گے۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرتے کیونکہ پہلے بیٹنگ کا فیصلہ گزشتہ میچوں میں فائدہ مند ثابت نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ اس میچ سے قبل لاہور قلندرز کو مسلسل پانچ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ملتان سلطانز نے پانچ میں سے چار میچز جیتے ہیں۔

مزید خبریں