هفته,  23 نومبر 2024ء
بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق بنایا جائے گا، نئے پروگرام کے اہم اہداف مقرر

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وزارت خزانہ نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے قرضہ پروگرام کے لیے اہم اہداف مقرر کر لیے ہیں۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نیا پروگرام 6 ارب ڈالر کا ہوگا اور اس کی مدت 3 سال ہوگی۔ وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام مسلسل رابطے میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر 3 سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو 15 فیصد تک بڑھانے کا ہدف دے گا، مرکزی بینک کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور بنیادی بیلنس سرپلس کو کم کرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کو 3 ماہ کے درآمدی بل کے برابر رکھنے کا ہدف دے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں سبسڈی کا تعین بھی نئے قرضہ پروگرام کی شرط کے مطابق ہوگا اور آئندہ سال کا بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق بنایا جائے گا۔ نگراں حکومت نے نئی حکومت کے لیے معاشی روڈ میپ تیار کر لیا ہے اور قرضہ پروگرام کے لیے کام کر رہے ہیں۔ موجودہ قرضہ پروگرام کے خاتمے کے ساتھ ہی آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے نئے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے، قرض کے معاہدے سے قبل آئی ایم ایف کو شرائط پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔

مزید خبریں