اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کی خدمت کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے عوام کا شکریہ کہ عوام نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور مسلم لیگ (ن) کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر الیکشن میں کامیاب کرایا۔ .
انہوں نے کہا کہ میں نئے جذبے، عزم اور خلوص کے ساتھ نئے سفر کا آغاز کر رہی ہوں، آپ سب کا اعتماد اور تعاون میرا اصل اثاثہ ہے، میں دعا گو ہوں اور آپ اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن، بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں۔
نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نواز شریف، شہباز شریف اور جماعت کے تمام رہنماؤں کا شکر گزار ہوں۔ پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کرینگے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومتی اور پارٹی سطح پر اپنی ترجیحات کا روڈ میپ تیار کر لیا ہے، اراکین اسمبلی میرا دست و بازو ہوں گے، پنجاب کے 297 حلقے میرے لیے اضلاع ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، امن و امان، زراعت، آئی ٹی وغیرہ کو یکساں تقسیم کیا جائے گا، ہر حلقہ، ضلع، یونین کونسل اور ڈویژن ماڈل ہونا چاہیے، کوئی بھی دوسرے سے کم نہیں ہونا چاہیے اور یہ آپکی ذمہ داری ہونی چاہیے۔
مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مریم نواز کی زیر صدارت جاتی امرا میں جاری ہے، اجلاس میں نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔
مریم نواز کی جانب سے امیدواروں کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
جاتی امرا میں ہونے والے اجلاس میں 218 ارکان شریک ہیں۔
الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کے لیے دی گئی فہرست میں شامل اراکین بھی اجلاس میں شریک ہیں۔