اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹر علی ظفر نے الیکشن کمیشن حکام کو سینیٹ میں بلانے کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن حکام کو بلا کر چوری شدہ مینڈیٹ کے بارے میں پوچھا جائے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، الیکشن کمیشن کے اعلان سے پولنگ کے دن تک پری پول دھاندلی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے بلے کا نشان لے کر جمہوریت کو سب سے بڑا زخم دیا گیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ غلط ہے، پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ چرانے اور انقلاب کو روکنے سے افراتفری پھیلے گی۔
اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کی قرارداد جمع کرادی گئی۔
اس موقع پر سینیٹر علی ظفر نے سینیٹ میں سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کی قرارداد بھی پیش کی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اعجاز چوہدری کو سینیٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے، یہ آخری اجلاس ہے، اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ کرتے ہیں، اس قرارداد پر 27 سینٹرز کے دستخط ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے انہیں جواب دیا کہ آپ یہ قرارداد پیش کریں، ہم دیکھیں گے۔