اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، اس سلسلے میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے آج بڑی تعداد میں احتجاج کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ تاہم اسلام آباد انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا تھا کہ عمران خان نے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کے لیے کہا ہے۔
گزشتہ ایک دو روز کے دوران رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی اور شیر افضل مروت نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ سکندر سلطان راجہ سے مستفعی ہونے کا مطالبہ کیا۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے اعلان کے بعد اسلام آباد پولیس نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاج کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
پی ٹی آئی نے پنجاب کے 21 بڑے مقامات پر احتجاج کا اعلان کررکھا ہے، اور پنجاب کے چند بڑے مقامات کا انتخاب بھی کرلیا گیا ہے۔ رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کی جانب سے مقامات کا اعلان سوشل میڈیا کے ایکس اکاؤنٹ پر کیا گیا۔
حماد اظہر نے احتجاجی شیڈول شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سینٹرل پنجاب میں 10 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا، جن میں لاہور کے پریس کلب پر، قصور کے مسجد چوک، نکانہ کے کچہری چوک، ناروال کے فیض احمد فیض پارک، گجرات کے جی ٹی ایس چوک، حافظ آباد کے پریس کلب، گجرانوالہ کے نوشہرہ ورڈ الراہی اسپتال چوک، منڈی بہاؤالدین کے پریس کلب اور ملکوال چوک، شیخوپورہ صدرکےعلاقے اور سیالکوٹ کے کچہری چوک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
جبکہ شمالی پنجاب میں احتجاجی مقامات سے متعلق کہنا تھا کہ راولپنڈی کے علاقے ایف 9 پارک، جہلم کے الیکشن کمیشن آفس، چکوال تلاگنگ کے پریس کلب، اٹک کے فوارہ چوک، خوشاب کے ڈی سی آفس، بھکر کے زیم والا تحصیل کلر کوٹ، سرگودھا کے قینچی موڑ اور میانوالی کے روکھڑی موڑ پر پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: اگربانی پی ٹی آئی عمران خان چور ہیں تو ہم سب چور ہیں، پیر پگاڑا
جنوبی پنجاب کے مقامات سے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جس کے لیے نگانہ چوک، ملتان، فرید گیٹ بہالپور اور ٹریفک چوک ڈی جی خان کے مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں نے مل کر سندھ کے شہر جامشورو میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔