راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں سی پی او سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت کینٹ اور گوجر خان سرکل کے افسران کے ساتھ اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی پوٹھوہار، ایس پی صدر، ایس ڈی پی او کینٹ و گوجر خان، اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
سی پی او نے افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری اور سزا یابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے سابقہ ریکارڈ یافتگان اور جیل سے رہا ہونے والے ملزمان کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی۔
سی پی او ہمدانی نے مزید بتایا کہ گوجر خان و کینٹ سرکل نے رواں سال منشیات کے 473 مقدمات درج کیے ہیں، جن میں 7 من چرس، 7 کلو سے زائد ہیروئین، اور 3 کلو سے زائد آئس برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔
سی پی او نے تھانوں میں کرایہ داری اور ملازمین کے اندراج کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور شہریوں کی حفاظت اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔