بدھ,  18  ستمبر 2024ء
حکومت بن بھی جائے تو قوم قبول نہیں کرے گی،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول کس منہ سے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے راولپنڈی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو توڑ کر بننے والی جماعتوں کے لیے شرم کی بات ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو الیکشن ہم جیتے وہ قبول نہیں کر رہے، ان سے درخواست ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری نہ کریں، الیکشن جیتنے والے بھی اس الیکشن کو نہیں مان رہے، الیکشن میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ، چیف جسٹس تحقیقات کرائیں، ان انتخابات سے سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، وہ انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے بانی سے نہیں ملے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے وہ سب اکٹھے ہوجائیں، میری بیٹی 14 ہزار کی لیڈ سے جیت رہی تھی، ایک دم نتائج آنا بند ہوگئے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 4 بجے تک جاگتے رہے نتائج نہیں آرہےتھے ، میری بیٹی کے پاس 281 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 موجود ہیں ، 16 ہزار 555 ووٹ مسترد ہوئے لیکن وہ جیت رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لنگڑی حکومت بن بھی جائے تو نہیں چل سکے گی۔ لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمیشن جا رہے ہیں۔ ان انتخابات کی ساکھ صفر فیصد ہے۔ حکومت کیسے بنےاور چلے گی؟

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت بن بھی جائے تو قوم قبول نہیں کرے گی، عالمی میڈیا پاکستان میں الیکشن کو دھاندلی قرار دے رہا ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News