اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اس فتح کو غلامی نامنظور کے نام سے منسوب کرتے ہیں، کس پارٹی کو جوائن کرنا ہے اس کا فیصلہ بھی جلد کرلیں گے۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنمائوں سینیٹرولید اقبال اور رووف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ جس کے پاس 50 سیٹوں کی اکثریت نہیں وہ حکومت بنانے کا بیان دیتے ہیں، وفاق میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی جمہوریت کا اہم ترین دن ہے، ہم تین اسمبلیوں کو ختم کرتے ہوئے نئے انتخابات کی جانب بڑھے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی مداخلت سے 8 فروری انتخابات کا فیصلہ ہوا، الیکشن کمیشن کی ذمے داری تھی کہ 2 بجے تک نتائج دیتے، صبح دس بجے تک نتائج کا عمل ہر صورت مکمل ہونا چاہیے تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قانون کے مطابق فارم 47 بنتے وقت امیدوار یا نمائندہ موجود ہوگا، دانستہ طور پر ہماری جیتی ہوئی سیٹوں پر شکست دینے کی کوشش کی گئی، تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں 170 نشستوں کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے قومی اسمبلی کی 45 میں سے 39 نشستیں ہم جیت چکے ہیں، کے پی اسمبلی میں ہمیں دو تہائی اکثریت حاصل ہو چکی ہے، دو دن میں مشاورت سے کے پی کے وزیرِ اعلیٰ کا فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی، 135 سیٹوں کے قریب ہم پنجاب میں نشستیں حاصل کر رہے ہیں، پاکستان کے اداروں سے گزارش ہے کہ یہ عوام کی آواز ہے، سب سے درخواست ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس فارم 45 آچکے ہیں، مطالبہ ہے کہ فارم 45 کے مطابق نتائج کا جلد از جلد اعلان کیا جائے، جن حلقوں میں نتائج روکے گئے ہیں وہاں کل پُرامن احتجاج کریں گے، کارکنوں سے گزارش ہے کہ احتجاج حق ہے لیکن یہ پُرامن ہونا چاہیے، آج رات 12 بجے تک نتائج کا اعلان نہیں ہوتا تو کل احتجاج کریں گے، نتائج کا اعلان نہ ہوا تو کل آر او دفاتر کے سامنے احتجاج ہو گا، پی ٹی آئی کے کارکن پُرامن احتجاج کریں، ہاتھوں میں صرف پاکستان کا جھنڈا ہونا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں اکثریت حاصل ہے صدر ہمیں ہی حکومت بنانے کی دعوت دیں گے، ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں، مستقبل کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، ہم آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے اور حکومت بنائیں گے، عوام نے آزادانہ طور پر ووٹ کا استعمال کیا، پریزائیڈنگ افسران نے ووٹ گن کر فارم 45 بنایا، ہمارے پاس تمام فارم 45 آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی آواز کو دبانا اور اپنی مرضی کی حکومت بنانا اکانومی برداشت نہیں کر سکے گی، پاکستان تحریک انصاف کے لیے کوئی رکاوٹ حائل نہ کی جائے اور رزلٹ جلد سے جلد جاری کیا جائے، ہمارے پاس تمام رزلٹ آ چکے ہیں، محمود خان اچکزئی سے ہم نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا، ہمارے جو آزاد امیدوار ہیں وہ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، ہمارے امیدوار پارٹی کے وفادار ہیں اور پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی آزاد حکومت بنائیں گے، 15 دن کے اندر پراسس مکمل کر کے انٹرا پارٹی کی طرف جائیں گے، عوام نے تحریک انصاف کو بڑا مینڈیٹ دیا ہے، تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام لازمی ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں ہم سیاسی فیصلہ کریں گے، بانی پی ٹی آئی پر سارے کیسز جعلی ہیں۔