جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
پاکستان تحریک انصاف کا خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کا فیصلہ

پشاور(روشن پاکستان نیوز) پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں کامیاب ہونے والے نامزد ارکان کی وفاداریاں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے تحریری حلف نامہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی نے تیسری بار صوبے میں حکومت بنانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔تحریک انصاف کی قیادت نے الیکشن کے بعد کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا۔ انتخابات میں تحریک انصاف کے نامزد امیداروں کی خیبرپختونخوا میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد صوبے میں حکومت بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

تحریک انصاف کی قیادت نے آزاد امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے ارکان سے تحریری حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران بھی نامزد امیدواروں نے وفاداریاں تبدیل نہ کرنے کا حلف لیا تھا۔اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نے تیسری بار حکومت بنانے کے بارے میں منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف بہ حیثیت جماعت اگرچہ پارلیمانی سیاست کا حصہ نہیں لیکن خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کے لیے قانونی اور آئینی پہلوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسپیکر اسد قیصر نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ الیکشن کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مشاورت کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان اور شاہ محمودقریشی کی ضمانت منظور

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بانی چیئرمین عمران خان سے بھی رابطہ کررہے ہیں اور پی ٹی آئی کی قیادت کا اجلاس بھی بلایا گیا ہے۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے علاوہ عدالت سے رجوع کرنے کے بارے میں بھی سوچا جا رہا ہے۔ تمام آپشنز پر غور کررہے ہیں۔حکومت بننے کے بعد وزیراعلیی کون ہوگا، اس پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

مزید خبریں