لاہور (روشن پاکستان نیوز)ضلع کچہری لاہور نے ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمرکو ہنی ٹریپ کرنے والی ملزمہ آمنہ عروج کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نبیلہ عامر نے پولیس کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیگر 11 ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس نے عدالت کے سامنے مؤقف اپنایا کہ ملزمہ آمنہ عروج سے تفتیش درکار ہے، ملزمہ سے مال، مقدمے کی اشیا ریکور کرنا مطلوب ہیں چنانچہ عدالت ملزمہ آمنہ عروج کا جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔پولیس نے مزید استدعا کی کہ دیگر 11 ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا جائے۔یاد رہے کہ 22 جولائی کو لاہور میں معروف ڈراما رائٹر خلیل الرحمٰن قمر کو ڈراما بنانے کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر اغوا اور لوٹ مار کے ساتھ ساتھ تشدد کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔