منگل,  10 دسمبر 2024ء
ای روز گار کے میدان میں انقلاب،حکومت کا تاریخی اقدام

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ای ایمپلائمنٹ سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ حکومت نے مستقبل میں ورک سٹیشنوں کی تعداد 300 تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ایم او آئی ٹی ٹی عائشہ موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، پراجیکٹ ڈائریکٹر عامر احمد، چیئرمین ای سی سروسز نذیر قریشی، ایم او آئی ٹی ٹی، این ٹی ایس، پی ایس ای بی کے حکام اور فری لانسرز کی بڑی تعداد نے افتتا حی تقریب میں شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ٹی کے وزیر نے کہا کہ پہلے سینٹر کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں 10,000 ای ایمپلائمنٹ سینٹرز کے قیام کا منصوبہ باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا، “ہم نے ایک اور وعدہ بھی پورا کیا ہے جو ہم نے لوگوں سے کیا تھا، جہاں موجودہ 1.5 ملین میں سے اور آنے والے نئے فری لانسرز کی ایک قابل ذکر تعداد، وہ بہت کم شرحوں پر آزادانہ طور پر کام کر سکتے ہیں۔”
وزیر نے کہا کہ فری لانسرز کو تیز رفتار انٹرنیٹ، بلاتعطل بجلی کی فراہمی، تربیتی مراکز، انفرادی کیبن، میٹنگ رومز اور اسٹارٹ اپس کے لیے علیحدہ دفتری کمرے فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ملک کی آئی ٹی برآمدات 10 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے کہا، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) ان مراکز کے لیے فری لانسرز اور درکار تکنیکی مدد فراہم کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔

مزید خبریں