لاہور(روشن پاکستان نیوز) این اے 127 میں ووٹ خریدنے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان صلح ہوگئی۔نجی ٹی وی کو موصول ہونے والی مفاہمت کی یادداشت کی کاپی کے مطابق دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر لگائے گئے الزامات واپس لے لیے ہیں
دونوں جماعتوں نے این اے 127 اور پی پی 160 میں ضابطہ اخلاق نافذ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور حلقہ این اے 127 کے امیدوار عطا تارڑ نے پیپلز پارٹی پر ووٹ خریدنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دو افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا
دعویٰ کیا تھا۔عطا تارڑ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے دفتر میں داخل ہوئے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی نے عطا تارڑ پر دفتر پر حملے اور کارکنوں کے اغوا کا الزام عائد کرتے ہوئے لیگی رہنما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی لاہور کے حلقہ این اے 127 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔