پیر,  30 دسمبر 2024ء
مری کے چپے چپے پر جو ترقی ہوئی اس پر کس کا نام لکھا ہے؟مریم نواز

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مری کاحق ہے کہ اس کی زبردست ترقی ہو۔

نجی ٹی وی کے مطابق مری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مری کے لوگ صبح سے یہاں پر نواز شریف کو دیکھنے کے لیے موجود ہیں، کل جب ہم مری آئے تو برفباری ہورہی تھی، ہم نے سوچا کہ جلسے میں کون آئے گا؟ مگر میں نے پہلی بار مری میں اتنی برفباری میں اتنا بڑا جلسہ دیکھا ہے، مری نواز شریف اور مریم نواز کا دل ہے۔

مریم نواز نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی شکر گزار ہی نہیں ،مقروض بھی ہوگئی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ مری پورے پاکستان کا میزبان ہے، زبردست ترقی بھی مری کا حق ہے، مری میں بھی کچھ لوگ گھس آئے تھے جنہوں نے ٹمبر مافیا، بلڈنگ مافیا بنا دیا، مری کی خوبصورتی خراب کردی تو ان کو آپ سب نے بھگانا ہے۔

مریم نواز نے دریافت کیا کہ مری کے چپے چپے پر جو ترقی ہوئی اس پر کس کا نام لکھا ہے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ نے نواز شریف اور شیر کو ووٹ دیا تو مری کے ہر گھر میں گیس پہنچائیں گے، صحت کی بہترین سہولتیں مری کے لوگوں کے دروازے تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ ہم مری کو ہسپتال بنا کر دیں گے، تعلیم کی سب سے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، اگر آپ چاہتے ہیں کہ یہاں تمام سہولیات آپ کو ملیں تو شیر پر مہر لگاؤ اور پاکستان کو نواز دو۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مری میں کچھ عرصہ قبل لوگ برف میں دب کر مرگئے مگر بے حس حکمران ان کی مدد کے لیے نہیں آئے، نواز اور شہباز شریف ہمیشہ آپ کے دکھ درد میں ساتھ کھڑے رہتے ہیں، حکمران کا فرض ہے عوام کی خدمت کرنا ہے، اس الیکشن میں اس سے جواب مانگنا کہ وہ کہاں تھے جب لوگ مر رہے تھے؟

یوم کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کے ساتھ ہم سب کا دل دھڑکتا ہے۔

مزید خبریں