پیر,  07 اکتوبر 2024ء
غیرملکی سرمایہ کارپاکستان میں کاروباردوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں،صدرعلوی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے روس، اٹلی اور منگولیا کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات اور عوامی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کیے ہیں، انہیں پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار روس، اٹلی اور منگولیا کے نامزد سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے الگ الگ ملاقات کی اور اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق پاکستان میں روسی فیڈریشن کے نامزد سفیر البرٹ پی خوریف سے بات کرتے ہوئے صدر نے پاکستان کی جانب سے روس کے ساتھ تجارت، معیشت، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سفیر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ پاکستان میں اٹلی کی نامزد سفیر ماریلینا ارمیلن سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اطالوی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی اٹلی کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے اطالوی سفیر سے پاکستانی طلباء کو ویزوں کے اجراء میں تیزی لانے میں مدد کرنے کو بھی کہا۔پاکستان میں منگولیا کے غیر مقیم سفیر تووشین بدرا سے بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی مفاد کے لیے تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے نئے تعینات ہونے والے سفیروں کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں