مینگورہ(روشن پاکستان نیوز)مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ سازشیں کرنے والے تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔
نجی ٹی وی کےمطابق مینگورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے بھی سہولت مل رہی تھی میںنے اڈیالہ جیل منتخب کی ۔نواز شریف کو بیوی کی موت کی خبر جیل میں ملی تھی لیکن جب نواز شریف عوام کا دکھ دیکھتے ہیں تو اپنا غم بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کو نا اہل کرنے والے آج چھپ چھپ کر دیکھتے تو ہوں گے، بہت لوگ آئے اور سازشیں کرکے کہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے، نواز شریف وطن واپس آئے تو پورا پاکستان مینار پاکستان پر جمع ہوگیا تھا، آج نواز شریف جہاں جاتا ہے وہاں عوام کا ہجوم امڈ آتا ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں ہونے والی سزا کا حوالہ دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو چور کہنے والا آج خود بڑا چور ثابت ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بچے لندن میں محفوظ ہیں تو کارکنوں کے بچے جیلوں میں کیوں ہیں؟ کارکن جیل میں ہیں تو ایک عورت بنی گالہ میں کیوں ہے؟ مجھے بھی ریسٹ ہاؤس میں منتقل کرنے کی پیشکش ہوئی تھی جو میں نے مسترد کردی تھی، میں نے جیل میں سہولتیں نہیں مانگیں، عام قیدیوں کی طرح رہی۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے مزید بتایا کہ میں اور نواز شریف کسی کے دکھ پر خوشی نہیں مناتے، مجھے کسی کو جیل جاتے دیکھ کر خوشی نہیں ہوتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں سے پوچھتی ہوں کہ انہیں پیٹرول بم چاہیے یا لیپ ٹاپ؟