دی ہیگ(روشن پاکستان )عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے فلسطینیوں کی نسل کشی کیس کے فیصلے میں جنوبی افریقا کے عائد کردہ الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے کیس نہ سننے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے17رکنی پینل میں سے16 ججز موجود تھے،عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسرائیل نے بڑے پیمانے پر غزہ میں کارروائیاں کی، اس میں بڑے پیمانے ہر شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئی، اسرائیلی حملوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔عدالت نے مزید کہا کہ غزہ میں مسلسل جانی نقصان پر تشویش ہے، اسرائیل نے حماس کے حملے پر جوابی کارروائی شروع کی، اقوام متحدہ کے کئی اداروں نے اسرائیل کے خلاف قراردادیں پیش کیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسرائیل کے حملوں سے غزہ کے انفرا اسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے،عالمی عدالت انصاف کو نسل کشی کنونشن کے تحت کیس سننے کا اختیار ہے۔عالمی عدالت انصاف نے جنوبی افریقا کی درخواست پر فیصلہ سنایا ہے، عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کی کیس نہ سننے کی درخواست مسترد کردی۔اس موقع پر عالمی عدالت انصاف کے باہر فلسطینیوں اور اسرائیلی اقدامات کے مخالفین کی بڑی تعداد موجودتھی،11 اور 12 جنوری کو ہونے والی سماعت میں جنوبی افریقا اور اسرائیل نے دلائل دیے تھے.