کراچی (روشن پاکستان نیوز)چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز حیدر علی نے کراچی میں میٹرک بورڈ کے اب تک ہونے والے تمام پرچے منسوخ کرکے دوبارہ امتحانات کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز حیدر علی نے کہا کہ ساڑھے تین لاکھ سے زائد طلبہ امتحان دے رہے ہیں، میٹرک بورڈ کا یہ امتحان بدانتظامی کے باعث سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
حیدر علی نے کہا کہ مراکز کی مانیٹرنگ نہیں ہوتی، اس عمل کو کیا ٹیسٹ کہا جا سکتا ہے۔ کیا پاکستان میں نویں اور دسویں کے امتحانات ایسے ہوتے ہیں؟ بچے راہداریوں میں اور کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ لاکھوں بچوں اور بچیوں کے مستقبل کا ذمہ دار کون؟
چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز کا کہنا تھا کہ ناظم طلبہ کو ذہنی اور جسمانی اذیت پہنچانے پر امتحانات منسوخ کریں، اب تک ہونے والے تمام پرچے منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، 10 سے 15 دن بعد دوبارہ امتحان کا انعقاد کیا جائے۔