اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)ہالی ووڈ کی ٹیم پاکستان کی خوبصورت اور رنگین ثقافت پر فلم بنانے کی خواہشمند ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ ہفتے ہالی ووڈ کی ایک پروڈکشن ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جو پاکستانی ثقافت سے متاثر ہوکر فلم بنانے کی امید کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق اس ٹیم میں ہالی ووڈ کے موسیقار اور کنڈکٹر جیمز ایم سی میلان، فلم پروڈیوسر اینڈریو جیمز فیرو، فلم پروڈیوسر لوئیزا اسکن شامل ہیں جب کہ پاکستان فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فلم پروڈیوسرز بدر اکرام، سعدیہ اشرف اور مشال ثاقب شامل ہیں ۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، یہ ہماری ثقافت اور عوام کے لیے اعزاز کی بات ہوگی کیونکہ پاکستان اپنے شاندار ورثے سے مالا مال ملک ہے۔