بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے 100 سے زائد اسکولوں کو بم کی دھمکی موصول ہوئی جس کے بعد اسکولوں کو خالی کرا لیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح نئی دہلی کے 100 سے زائد اور بھارتی شہر نوئیڈا کے 2 اسکولوں کو ای میلز کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھمکی ملنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ، فائر سروس کے اہلکار فوری طور پر اسکولوں میں پہنچ گئے اور عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔دھمکی ملنے کے بعد اساتذہ اور طلباء میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم اسکول کو خالی کرا لیا گیا اور تمام بچوں اور عملے کو گھر بھیج دیا گیا۔
ہندوستان کی وزارت داخلہ کا دعویٰ ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسکولوں کو موصول ہونے والی ای میلز روس سے آئی تھیں اور یہ سب جعلی تھیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ای میلز جعلی اور دھوکہ لگتی ہیں، دہلی پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں پروٹوکول کے مطابق ضروری اقدامات کر رہی ہیں۔