میرپور (روشن پاکستان نیوز)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے صوبے کے ہر ضلع میں پیپلز بس سروس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حکومت عوام کے لیے کام کرتی ہے۔میرپورخاص میں پیپلز بس سروس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کی طرز پر سندھ کے دیگر شہروں میں بھی پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت عوام کے لیے کام کرتی ہے، صوبے کے ہر ضلع میں عوامی بس سروس چلائیںگے۔وزیر اطلاعات سندھ نے چیلنج کیا کہ ہمارے منصوبوں کا آڈٹ دنیا کا کوئی بھی ادارہ کرے گا، صرف شفافیت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ساڑھے 3 سال صرف انتشار پھیلایا، ایک بھی منصوبہ نہیں بنایا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے غنڈوں نے پیپلز بس سروس کو بھی نقصان پہنچایا، سرکاری اثاثے جلانے کا کلچر ختم ہونا چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پروپیگنڈا کرنے والے اب جیل میں ہیں، پشاور میں بی آر ٹی منصوبے میں 7 ارب روپے کی کک بیکس کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کر رہے ہیں، 10 نکاتی معاشی ایجنڈے کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں عوام آج بھی 50 روپے میں 30 کلومیٹر کا سفر کر رہے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ نمائندے 5 سال عوام کی خدمت کریں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہم مزید بس سروس شروع کریں گے، پیپلز پارٹی عوام کے ووٹ سے آتی ہے، اس لیے ہم نے عوامی منصوبے شروع کئے۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا تنقید زدہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تعریف کر رہی ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کھانا دیا گیا، راشن دیا گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیلاب زدگان کے لیے گھر بھی بنا رہی ہے، کچھ سیاستدان یہ نہیں سمجھتے کہ نفرت کی سیاست زیادہ دیر نہیں چلتی۔انہوں نے کہا کہ یہ عوامی حکومت کے فیصلے ہیں لیکن کچھ احمق سیاستدانوں کو سمجھ نہیں آرہی۔ 9 مئی کو عوام کے لیے لائی گئی بسوں کو پی ٹی آئی کے غنڈوں نے جلا دیا۔