طورخم (روشن پاکستان نیوز ) پاک افغان طورخم سرحد ویزہ شرط کے اطلاق کے باعث آج دسویں روز بھی بند ہے، سرحد کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، کروڑوں روپے کے نقصان کے باعث ٹرانسپورٹرز پریشان ہیں،بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ ویزاشرط کے باعث سرحد پر تجارتی سرگرمیاں آج دسویں روز بھی معطل ہیں
ویزہ پالیسی کے باعث بارڈر کے دونوں اطراف ہزاروں گاڑیاں بارڈر کراس کرنے کے منتظر ہیں،اس دوران سینکڑوں افراد بے روزگار ہو گئے ،جبکہ ٹرانسپورٹرز کو کروڑوں کا نقصان ہونے لگا ہے
ذرائع کے مطابق طورخم سرحد کے دونوں اطراف ہزاروں مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جن میں موجود کروڑوں روپے کی خورانی اشیاء خراب ہونے کا خدشہ ہے، ان میں زیادہ تر سبزی اور فروٹ ہیں،ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ انہیں ویزہ پالیسی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور طورخم سرحد پر پھنسی گاڑیوں کو بارڈر کراس کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ کھانے پینے کی اشیاء خراب ہونے سے بچ جائیں
بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ سفری دستاویزات مکمل کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی گئی تھی تاہم ان کی جانب سے عمل درآمد نہ ہو سکا۔ ویزہ اور پاسپورٹ کے بغیر کسی کو بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔