اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں 7 ہزار 832 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس، 15 ہزار 155 کو حساس قرار اور 27 ہزار 475 پولنگ سٹیشنز کو نارمل قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر کم از کم 6 پولیس اہلکار تعینات ، 46 ہزار 992 پولیس اہلکار درکار ہوں گے۔
حساس پولنگ سٹیشنز کیلئے 75 ہزار 775 اہلکار درکار ہونگے ، الیکشن ڈیوٹی کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ 32 ہزار 667 اہلکار تعینات ہونگے۔ ایک حلقہ میں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر 200 اہلکار تعینات ہونگے، فورس کیلئے 28 ہزار سے زائد اہلکار درکار ہوں گے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کیلیے 31 ہزار 328 اہلکار درکار ہوں گے، حساس پولنگ اسٹیشنز کیلیے 45 ہزار 465 جوان درکار ہوں گے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لیے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کردی۔
الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے فارم 33 ویب سائٹ پر جاری کر دیے ہیں۔فارم 33 میں ہر حلقے کے امیدواروں کی حتمی فہرست اور امیدواروں کے انتخابی نشان کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 17 ہزار 816 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔مجموعی طور پر سیاسی جماعتوں کے 6 ہزار 31 امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات لڑیں گے، جبکہ 11 ہزار 785 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 882 خواتین اور 4 خواجہ سرا الیکشن لڑیں گے۔
دوسری طرف انتخابات 2024 میں ٹرانسپورٹیشن، سیکیورٹی کے اخراجات کا تخمینہ 49 ارب سے تجاوز کر گیا ہے۔انتخابات 2024 میں ٹرانسپورٹیشن، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور دیگر اخراجات کے اضافے سے الیکشن اخراجات کا تخمینہ 49 ارب سے تجاوز کر گیا ہے۔