وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں عیدالفطر کے موقع پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بعد عید اللہ تعالی کا مومنوں کے لیے تحفہ ہے، عید معاشرے میں خوشحالی کے لیے رنجشیں بھلا کر اکٹھے ہونے کا نام ہے۔ عید اپنے کمزور بہن بھائیوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے میں مدد کرنے کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور افراد کو مہنگائی کے پیش نظر اپنی خوشیوں میں شامل کیا جائے، ملکی سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سرحد کی حفاظت پر مامور بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان اپنی دعاؤں میں فلسطینیوں اور کشمیریوں کو یاد رکھیں۔
دریں اثناء صدر آصف زرداری نے عید کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ قوم اور امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ میری دعا ہے کہ یہ دن ڈھیروں برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لے کر آئے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں رمضان المبارک کی برکات اور سعادتیں نصیب ہوئیں۔ عید معاشرے کے محروم طبقات کے لیے خوشیاں بانٹنے، ایثار و قربانی کا دن ہے۔
صدر نے کہا کہ غریبوں، یتیموں اور مسکینوں کی مدد کریں، انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ بحیثیت قوم ہمیں رکاوٹوں کو دور کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ بھائی چارے اور باہمی اتحاد سے خود کو وقف کر کے ایک مضبوط قوم بننے کی کوشش کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم غزہ اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی ترسیل کو یقینی بنائے۔ اسرائیل کا ظلم، بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا چاہیے۔ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، ہر پاکستانی اور پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری قوم پر رحم فرمائے اور انہیں نیکی کے راستے پر چلائے۔