اتوار,  28 اپریل 2024ء
ججزکے خط کا معاملہ،تحریک انصاف نےتحقیقات کیلئے قائم انکوائری کمیشن کو مستردکردیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے مندرجات کی تحقیقات کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے انکوائری کمیشن کے قیام اور اس کے ذریعے تحقیقات کو مکمل طور پر مسترد کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ۔

کورکمیٹی نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط وفاقی حکومت کی ایجنسیوں کیخلاف ایک فردِ جرم ہے۔معزز عدالتِ عالیہ کے حاضر سروس ججز کے سنجیدہ ترین مراسلے کی ایک ریٹائرڈ جج کے ذریعے تحقیقات آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات سے ایک بھونڈا مذاق ہے۔اپنے خط میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم جیوڈیشل کونسل کے سامنے عدلیہ کے وجود کو لاحق بنیادی چیلنج کو بے نقاب کیا ہے۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے مندرجات کی تحقیقات کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے انکوائری کمیشن کے قیام اور اس کے ذریعے تحقیقات کو مکمل طور پر مسترد کردیااورکہا کہ چوری کے مینڈیٹ پر بیٹھا غیرمنتخب وزیراعظم یا اس کی حکومت کسی قسم کی تحقیقات کروانے کے قابل ہے نہ ہی اس قسم کی تحقیقات کی کوئی کریڈیبیلیٹی ہوگی۔

اعلامئے میں کہاگیاکہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے بل بوتے پر وجود میں آنے والی حکومت ہر لحاظ سے ملک میں جاری لاقانونیت اور غیرآئینی مداخلت کی سب سے بڑی بینیفیشری ہے۔

مزید پڑھیں: سی پی اوراولپنڈی کی زیر صدارت اجلاس،پتنگ بازی کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

اعلامئے کے مطابق ملکی عدلیہ اور قانونی مفاد سے جڑے اس حسّاس ترین معاملے ہر چیف جسٹس کی وزیراعظم سے ملاقات پر نہایت تشویش کا اظہار کیاگیا۔

کورکمیٹی نے معاملے کو عدالتِ عظمیٰ کے لارجر بنچ کے سامنے رکھنے اور کھلی عدالت میں اس پر کارروائی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
اعلامئے میں کہاگیاکہ چیف جسٹس عدلیہ کے مستقبل کو ٹاؤٹوں پر مشتمل انتظامیہ کے رحم و کرم پر چھوڑنے کی بجائے ساتھی ججوں کو انصاف فراہم کریں۔

کورکمیٹی کے مطابق ہائیکورٹ کے ججز کے مطالبے کی روشنی میں جیوڈیشل کانفرنس بھی طلب کی جائے اور ہر سطح کے ججز کو اس موضوع پر حقائق قوم کے سامنے رکھنے کا موقع دیا جائے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News