اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)کلچرل قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران ،اسلام آباد کے زیراہتمام اسلام آباد میں قرآن پاک کے نادر نسخوں کی تین روزہ نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔
جس کی افتتاحی تقریب میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز ،ایرانی کلچرل قونصلر مجید مشکی ،پیر سلطان عظمت قادری سجادہ نشین دربار ہ عالیہ سلطان باہو نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے اسلام میں قرآن پاک کے قدیم اورنایاب قلمی نسخوں کی نمائش پر ثقافتی قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران مجید مشکی اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایرانی کلچرل قونصلیٹ میں ہزاروں سال پرانے قرآنی نسخوں کی حفاظت کا قابل ستائش اہتمام کیا ہوا ہے وہاں ان کو ہر سال ماہ مبارک رمضان اوردیگر مناسبت سے وفاقی دارلحکومت کے مختلف مقامات اورتعلیمی اداروں میں نمائش کیلئے رکھ کر اہل ایمان کی روح کو فرحت بہم پہنچانے کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے جو کہ لائق تحسین اورقابل ستائش ہے
انہوں نے کہا کہ ایران اسلامی ملک ہے اور پاکستان کے ساتھ برسوں کا تعلق ہے اوراس تعلق کو استوار کرنے کیلئے اس طرح کی نمائش اورتقریبات کا کردار نمایاں ہیں ۔
تقریب کے میزبان کلچرل قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران مجید مشکی نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کے 500سے لیکر ایک ہزار سال تک کے پرانے قرآنی قلمی نسخے رکھے گئے ہیں اسی طرح سونے اورچاندی کے پانی سے لکھے گئے ترکی ،ایرانی اورعربی رسم الخط کے قرآنی قلمی نسخے بھی موجود ہیں ۔
واضح رہے کہ نمائش 29مارچ تک جاری رہے گی۔