هفته,  23 نومبر 2024ء
سپریم کورٹ نےایک اور اہم حلقہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیدیا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پی بی 50 قلعہ عبداللہ کے الیکشن سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے صرف 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق حلقے میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔

اے این پی رہنما زمرک خان کے وکیل نے کہا کہ پی بی 50 کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر ٹرن آؤٹ غیرحقیقی تھا، جن پولنگ اسٹیشنز سے میرا موکل کامیاب ہوا، وہاں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا، زمرک خان نے حلف بھی اٹھایا تھا۔ ، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو ایسی باریکیوں میں نہ لیا جائے، عدالت بیٹھ کر 400 انتخابی مقدمات نہیں سن سکتی، فریقین متفق ہوں تو پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کراتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں فریقین کی رضامندی سے دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔

پی بی 50 قلعہ عبداللہ سے اے این پی کے زمرک خان کامیاب، جے یو آئی کے ملک نواز نے زمرک خان کی کامیابی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا۔

الیکشن کمیشن نے ملک نواز کی درخواست پر زمرک خان کی جیت کا نوٹیفکیشن روکتے ہوئے 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا جسے زمرک خان نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

مزید خبریں