اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صحافی شبیر عالم کی صاحبزادی ،یونیورسٹی آف ہری پورمیں بی ایس ڈیٹا سائنس کی ہونہار طالبہ مریم شبیرکولیگیو کے خصوصی مقابلے میںامریکی سکالر شپ حاصل کرنیوالی واحد پاکستانی بن گئیں۔
کولیگیو ایک امریکی مصنوعی ذہانت پر مبنی تعلیمی پلیٹ فارم ہے جو طلباء و طالبات کو ان کے تعلیمی پروفائل، مہارت اور مستقبل کے اہداف کی بنیاد پربین الاقوامی اسکالرشپ دینے اور تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم دنیا بھر کے طلباء کو بین الاقوامی تعلیمی مواقع سے جوڑنے کا کام کرتا ہے اور اپنی خدمات مکمل طور پر مفت فراہم کرتا ہے۔ مریم شبیر کو 2ہزار ڈالر کی سکالرشپ دی گئی ہے۔
یہ اسکالرشپ کوئی معمولی اعزاز نہیں بلکہ انتہائی مسابقتی بین الاقوامی سطح کا انتخاب ہے جس میں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
اس سخت مقابلے میں کولیگیوکی ٹیم نے تمام امیدواروں کے تعلیمی پروفائل، صلاحیتوں اور مستقبل کے اہداف کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد پوری دنیا میں سے صرف 3طلباء کو اس اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا۔
یہ 3نشستیں پوری دنیا کے لاکھوں طلباء وطالبات کے درمیان مقابلے کے بعد حاصل ہوئیں، جو اس اعزاز کی اہمیت کو واضح کرتی ہیں۔
ان تین کامیاب طلبہ میں مریم شبیر واحد پاکستانی ہیںجنہوں نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ پورے خطے کا نام بین الاقوامی سطح پرنام روشن کیا۔مریم شبیر نے یہ بھی ثابت کیا کہ پاکستانی نوجوان عالمی مقابلے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
کولیگیو کے بانی اور سی ای او سینان کی قیادت میں کام کرنے والی ٹیم جس میں مونیسا اور بابر شامل ہیںنے مریم شبیر کے تعلیمی پروفائل اور ان کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا اور انہیں اس اسکالرشپ کا حقدار قرار دیا۔
ٹیم کی نمائندہ مونیسا نے مریم شبیر سے براہِ راست رابطہ کر کے انہیں مبارک باد دی اور کہا کہ ادارہ ان کی محنت اور لگن پر فخر محسوس کرتا ہے۔
مریم شبیر کی یہ کامیابی پاکستان کی ان تمام نوجوان طالبات کیلئے ایک روشن مثال ہے جو اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی جستجو میں لگی ہیں۔ یہ ثابت کرتی ہے کہ عزم اور محنت کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی پہچان بنانا ممکن ہے۔
مریم کے اہلِ خانہ اور احباب نے اس شاندار کامیابی پر مریم شبیر کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ہے اور اور ان کے مزید کامیاب مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔











