مری / دریاگلی (روشن پاکستان نیوز) یونین کونسل دریاگلی کے گاؤں بنکوٹل کے لیے ایک بڑا اعزاز اس وقت سامنے آیا جب بنکوٹل سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیت شاہد عباسی کی بیٹی طوبیٰ شاہد عباسی نے مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں نمایاں مہارت حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر جونز اے آئی (Jones AI) کے شریک بانی اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر مائیکل رڈمین (Michael Rudman) نے طوبیٰ عباسی کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور اے آئی کے میدان میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے طوبیٰ کو اس بات کی بہترین مثال قرار دیا کہ مصنوعی ذہانت کے جدید دور میں ایک نوجوان کس طرح اپنی محنت اور صلاحیت کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔
طوبیٰ عباسی نے اپنے کیریئر کا آغاز جونز سافٹ ویئر میں بطور آڈیٹر کیا، جہاں وہ انشورنس کمپلائنس سے متعلق امور کا دستی طور پر جائزہ لیا کرتی تھیں۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے ٹیکنالوجی کے بدلتے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالا اور غیر معمولی پیشہ ورانہ ترقی حاصل کرتے ہوئے پرومپٹ انجینئر کے طور پر کام شروع کر دیا۔
اس دوران انہوں نے ایک جدید اے آئی آڈٹنگ ایجنٹ کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا، جو آج وہی کام خودکار طریقے سے انجام دے رہا ہے جو پہلے دستی طور پر کیا جاتا تھا۔ اس جدت نے کمپنی کے کام کو مزید مؤثر اور تیز بنا دیا۔
طوبیٰ عباسی کا کردار اب صرف پرومپٹس تیار کرنے تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ مصنوعی ذہانت کے نئے استعمال کے طریقوں پر تحقیق بھی کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ یہ بھی طے کرنے میں مدد دیتی ہیں کہ کمپنی کی پروڈکٹ اور یوزر ایکسپیرینس (UX) کو اے آئی کے ساتھ کس طرح بہتر انداز میں مربوط کیا جائے۔ پاکستان میں رہتے ہوئے وہ کمپنی کی انجینئرنگ ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر مستقبل کی ٹیکنالوجی کی منصوبہ بندی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
حال ہی میں طوبیٰ شاہد عباسی نے کمپنی کے اے آئی سپورٹ ایجنٹ کی تیاری میں بھی قیادت کی، جو وینڈرز اور کرایہ داروں کو کمپلائنس سے متعلق خامیوں کو سمجھنے اور انہیں درست کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
مائیکل رڈمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ طوبیٰ شاہد عباسی ان بہترین مثالوں میں سے ایک ہیں جو اس بات کو ظاہر کرتی ہیں کہ کوئی فرد کس طرح اے آئی کے دور کا جدید اور مؤثر ملازم بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ طوبیٰ عباسی نے حال ہی میں اپنی چھٹیوں کے دوران پاکستان کے خوبصورت مقامات کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جسے دیکھ کر پاکستان کی قدرتی خوبصورتی نمایاں طور پر سامنے آئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں انہیں بھی پاکستان آنے اور اس خوبصورت ملک کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
اہلِ علاقہ، سماجی و تعلیمی حلقوں نے طوبیٰ عباسی کی اس نمایاں کامیابی کو یونین کونسل دریاگلی اور گاؤں بنکوٹل کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طوبیٰ شاہد عباسی نے اپنی محنت، صلاحیت اور عزم کے ذریعے نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے علاقے اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔
بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ان کی یہ کامیابی نوجوان لڑکیوں کے لیے بھی ایک مثبت مثال اور حوصلہ افزا پیغام ہے کہ تعلیم، محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔











