بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
گوگل اور مائیکرو سافٹ کی جانب سے 100 سے زائد ممالک سے زیادہ بجلی خرچ کرنیکا انکشاف

نیویارک(روشن پاکستان نیوز)مائیکرو سافٹ اور گوگل دنیا کی 2 بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں ہیں اور یہ دونوں بیشتر ممالک سے زائد بجلی استعمال کرتی ہیں۔

ایک نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ گوگل اور مائیکرو سافٹ نے 2023 کے دوران 24 terawatt hour (ٹی ڈبلیو ایچ) بجلی خرچ کی جو کہ 100 ممالک سے بھی زیادہ ہے۔

تحقیق کے مطابق گوگل اور مائیکرو سافٹ نے آذربائیجان کے برابر توانائی خرچ کی۔

اس ملک کا جی ڈی پی 78.7 ارب ڈالرز ہے جبکہ گوگل کی 2023 میں سالانہ آمدنی 307 ارب ڈالرز رہی جبکہ مائیکرو سافٹ نے اس عرصے میں 211 ارب ڈالرز کمائے۔

اتنی زیادہ بڑی مقدار میں توانائی خرچ کرنے سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ کمپنیاں کتنی بڑی ہیں۔

آئس لینڈ، گھانا اور تیونس ہر سال 19 ٹی ڈبلیو ایچ بجلی استعمال کرتے ہیں جبکہ اردن میں 20 ٹی ڈبلیو ایچ بجلی استعمال ہوتی ہے۔

لیبیا (25 ٹی ڈبلیو ایچ) اور سلواکیہ (26 ٹی ڈبلیو ایچ) کی جانب سے ذرا زیادہ بجلی خرچ کی جاتی ہے۔

تحقیق کے مطابق متعدد ممالک اور 2 کمپنیوں کے بجلی کے استعمال کے موازنے سے بڑی کمپنیوں کی توانائی کی ضروریات کا اشارہ بھی ملتا ہے۔

ان کمپنیوں کے ڈیٹا سینٹرز سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے باعث بھی بجلی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

ان دونوں کمپنیوں نے اس دہائی کے آخر تک ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے کا وعدہ کیا ہے اور اس حوالے سے سرمایہ کاری بھی کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں