جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
سعید انور کے نام سے جعلی ایکس اکاؤنٹ کون چلا رہا تھا؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر سعید انور نے وضاحت جاری کی ہے کہ ان کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے، اُن سے منسوب تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس فیک ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر سعید انور کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

ویڈیو کے کیپش میں راشد لطیف نے سعید انور کے نام سے ایکس پر جعلی ویریفائیڈ اکاؤنٹ @ImSaeedAnwar کو بھی ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سعید انور نے کہا کہ ’اللہ نے ہمیں ایک خوبصورت دین عطا فرمایا ہے جس میں اس نے دنیا و آخرت کی ہر کامیابی رکھی ہے، اللہ کے رسول حضرت محمد ﷺ نے فرمایا کہ میرا امتی ہر گناہ کرسکتا ہے لیکن جھوٹ نہیں بول سکتا اور دھوکا نہیں دے سکتا، جھوٹ انسانی فطرت ہے، اللہ نے قرآن میں فرمایا کہ میں جھوٹے کو ہدایت نہیں دیتا‘۔

سعید انور نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’میرے نام سے کچھ لوگوں نے فیس بک، ایکس اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹس کھول رکھے ہیں اور نجانے کون کون سی الٹی سیدھی خبریں لوگوں کو بتا رہے ہیں‘۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ‘جو بھی ایسی خبریں دیکھے انہیں سچ نہ مانے اور مسترد کردے کیونکہ میرا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے، یہ پیغام پھیلا دیں تاکہ اس جھوٹے شخص کی پکڑ کی جائے’۔

مزید پڑھیں: تپ دق کے خلاف جنگ میں عوام ہمارا ساتھ دیں،آصفہ بحٹو زرداری

ویڈیو کے اختتام میں انہوں نے کہا کہ ‘حدیث میں آتا ہے کہ 3 قسم کے ایمان ہیں، گناہ کو دیکھ کر ہاتھ سے روکنا، اتنی قدرت نہ ہو تو زبان سے روکے اور اگر زبان سے بھی نہ روک سکے تو دل میں برا جانے، اس کے بعد کوئی ایمان نہیں’۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ‘میرے نام سے جھوٹے اکاؤنٹس کھولنے والوں کی پکڑ کی جائے، جزاک اللہ’۔

مزید خبریں