جمعرات,  02 جنوری 2025ء
محکمہ اوقاف سندھ نے قبر کیلئے 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا: مصطفیٰ قریشی

کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف سندھ نے ان سے قبر کیلئے 5 لاکھ کا مطالبہ کیا ہے۔

اداکار مصطفیٰ قریشی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی مرحومہ اہلیہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن ہیں اور  وہ بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ ہی دفن ہونا چاہتے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ میری اہلیہ کے برابر میں صرف ایک قبر کی ہی جگہ ہے جہاں میں نے اپنے نام کی تختی لگا دی ہے جس پر میں نے لکھوا دیا ہے آخری اور دائمی آرم گاہ برائے مصطفیٰ قریشی لیکن قبر کیلئے محکمہ اوقاف سندھ نے مجھ سے 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنکار زیادہ تر اپنے آبائی علاقوں میں دفن ہوتے ہیں لیکن کوئی کوئی ہوتا ہے جو وصیت کرتا ہے تو اسے وصیت کے مطابق وہاں دفن کیا جاتا ہے۔

میں نے محکمہ اوقاف سے کہا ہے کہ انڈسٹریل اور بزنس مین سے تو زیادہ پیسے لے سکتے ہیں لیکن فنکاروں سے پیسے لے کر آپ مرنے والوں پر احسان کر رہے ہیں تو وہ آپ کا احسان اتار نہیں سکتے۔

انہوں نے بتایا کہ میری مرحومہ بیوی کی قبر کیلئے بھی سندھ حکومت نے محکمہ اوقاف کو  5 لاکھ روپے دیے تھے، مجھے ایسا لگا جیسے سندھ حکومت نے اپنی ایک جیب سے نکال کر دوسری جیب میں ڈال دیے۔

اداکار مصطفیٰ قریشی نے مزید کہا کہ میری گزارش ہے فنکار سے 5 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ نہ کریں۔

مزید خبریں