نندرکہ (روشن پاکستان نیوز)نندرکہ میں انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال قائم کرتے ہوئے 27 اور 28 دسمبر 2025 کو الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی اور او جی ڈی سی ایل کے باہمی تعاون سے دو روزہ فری آئی کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے سینکڑوں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا۔
کیمپ کے دوران آنکھوں کا مکمل چیک اپ، مفت ادویات اور نظر کی عینکوں کی فراہمی کی گئی جبکہ مستحق مریضوں کے آنکھوں کے مفت آپریشن بھی کیے گئے۔ اس فلاحی اقدام سے نندرکہ اور گرد و نواح کے دیہات کے سینکڑوں افراد مستفید ہوئے۔

کیمپ کی مجموعی نگرانی اور انتظامی امور ڈپٹی جنرل مینیجر ڈاکٹر حسن (الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی) کی بہترین مینجمنٹ میں انجام پائے، جن کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر حکمتِ عملی کے باعث کیمپ نہایت منظم اور کامیاب رہا۔
اس کامیاب کیمپ کے انعقاد میں کامران حمید کی کاوشیں قابلِ تحسین رہیں، جن کی انتھک محنت اور جذبۂ خدمت نے اس فلاحی پروگرام کو عملی شکل دی۔
انتظامی امور اور نظم و ضبط میں سابق کونسلر عبدالنعیم خان، عبدالحمید، محمد حقیق، ابرار احمد، مجاہد نظیر، جنت خان، صادق حسین، حامد نواز، فواد خان، اعجاز خان اور رازق خان نے بھرپور کردار ادا کیا، جس پر منتظمین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی کے ماہر ڈاکٹروں جن میں ڈاکٹر محمد عارف، ڈاکٹر طاہر زمان، ڈاکٹر امے ہانی، ڈاکٹر عثمان خان، رانا عثمان، شعیب اور محمد حسان شامل ہیں، نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ کو چار چاند لگا دیے۔ مقامی آبادی نے الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی اور او جی ڈی سی ایل کے اس مشترکہ فلاحی اقدام کو بے حد سراہا۔
آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس نیک مقصد کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رہیں۔











