هفته,  05 اپریل 2025ء
کیا ہفتے میں صرف ایک بار ورزش کرنے سے بھی صحت کو کوئی فائدہ ہوتا ہے؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اگر آپ کو روزانہ ورزش کرنا پسند نہیں تو ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنا کر بھی آپ انزائٹی اور ڈپریشن جیسے عام دماغی امراض سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

چین کی یانگ زو یونیورسٹی اور جاپان کی ویسیڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں 13 ہزار 700 سے زائد امریکی بالغ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

ان افراد کو جسمانی سرگرمیوں کے مطابق 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ ایسے افراد کا تھا جو بالکل بھی ورزش نہیں کرتے تھے، دوسرا بہت کم وقت تک ورزش یا جسمانی سرگرمیاں کرنے والے افراد پر مشتمل تھا۔

تیسرا گروپ جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے والوں (ہفتے میں کم از کم 3 بار) اور چوتھا ہر ہفتے ایک یا 2 بار ورزش کرنے والوں کا تھا۔

پہلے گروپ سے موازنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ دیگر تینوں گروپس میں انزائٹی اور ڈپریشن کی سطح میں کمی آئی۔

ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے والے گروپ یا ویک اینڈ وارئیرز میں یہ فائدہ سب سے نمایاں تھا۔

تحقیق کے مطابق ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے سے انزائٹی سے متاثر ہونے کا خطرہ 35 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ جسمانی سرگرمیاں جسم کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کے لیے بھی مفید ہوتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے سے ان افراد کو عام دماغی امراض سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے جو مصروف زندگی کے باعث پورے ہفتے ورزش سے دور رہتے ہیں۔

اس سے قبل بھی ثابت ہوچکا ہے کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے سے مختلف دائمی امراض سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کسی حد تک محدود تھی کیونکہ اس میں ایک یا 2 بار ورزش سے دماغی صحت کو ہونے والے فوائد کی وجہ پر روشنی نہیں ڈالی گئی۔

اسی طرح تحقیق کے لیے لوگوں کی جانب سے بتائے گئے ڈیٹا پر انحصار کیا گیا مگر محققین کے مطابق نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے سے بھی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: روڈن انکلیو میں عید ملن پارٹی اور عظمتِ قرآن کانفرنس کا انعقاد

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ ڈپریشن یا انزائٹی کے خطرے میں کمی ذیابیطس کے مریضوں یا کم آمدنی والے افراد میں زیادہ نمایاں ہوتی ہے، مگر اس کی وجہ واضح نہیں۔

محققین کے مطابق جنس، عمر، تعلیمی سطح، ازدواجی حیثیت، جسمانی وزن، تمباکو نوشی، نیند کے دورانیے اور فشار خون جیسے عناصر کے باوجود ہفتے میں ایک یا 2 بار ورزش کرنے سے عام دماغی امراض سے تحفظ میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ پورے ہفتے ورزش نہیں کر پاتے تو ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر ایسا کرلیں تاکہ دماغی امراض سے خود کو محفوظ رکھ سکیں گے۔

مزید خبریں