اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو ملزمان سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او کراچی کمپنی کی نگرانی میں اے ایس آئی عارف حسین اور اے ایس آئی محمد عارف پر مشتمل ٹیم نے جدید تکنیکی وسائل، انسانی ذرائع اور مؤثر حکمتِ عملی کی مدد سے موٹر سائیکل چوری کرنے والے گینگ کے دو ملزمان سلمان اور ابراہیم کو گرفتار کیا۔ دونوں ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے جوڈیشل لاک اپ منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے ایک دوسری کارروائی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب خاتون ملزمہ کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق خاتون اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سڑکوں پر شہریوں سے قیمتی اشیاء چھیننے میں ملوث تھی اور وہ اشتہاری ملزمہ بھی قرار دی جا چکی تھی۔
اسی طرح کراچی کمپنی پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ایک شخص کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتار کرکے جوڈیشل لاک اپ منتقل کردیا۔
ایس ایچ او کراچی کمپنی نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔











