منگل,  14 جولائی 2026ء
لاہور: نجی واٹر پارک میں 9 سالہ بچی مین ہول میں ڈوب کر جاں بحق، تین افراد گرفتار

لاہور (روشن پاکستان نیوز): لاہور کے علاقے باٹا پور میں واقع ایک نجی واٹر پارک میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں دبئی سے چھٹیاں گزارنے پاکستان آنے والی 9 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے واٹر پارک کے تین ذمہ داران کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی، رامین فاطمہ، اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کے لیے واٹر پارک آئی تھی۔ دورانِ نہانے وہ اچانک لاپتا ہوگئی، جس پر اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ کچھ دیر بعد بچی کی لاش سوئمنگ پول کے پانی کی نکاسی کے لیے بنائے گئے مین ہول سے برآمد ہوئی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق مین ڈرین ہول پر حفاظتی جالی موجود نہ ہونے کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو اسپتال منتقل کیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی۔

آٹھواں ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹ کپ 2026 ایشئین ریجن 17 تا 21 اگست لاہور میں منعقد ہو گا

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق بچی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں واٹر پارک کے منیجر ثناء اللہ، سکیورٹی انچارج نوید اور سی سی ٹی وی انچارج آصف شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں غفلت یا لاپرواہی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اہل خانہ کے مطابق رامین فاطمہ دو سال قبل اپنے والدین کے ساتھ دبئی منتقل ہو گئی تھی اور گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے اپنی والدہ کے ہمراہ لاہور آئی تھی۔ واقعے کے بعد خاندان غم سے نڈھال ہے، جبکہ بچی کے والد بھی دبئی سے پاکستان روانہ ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تحقیقات میرٹ پر جاری ہیں اور کسی بھی غفلت کے مرتکب شخص کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔

مزید خبریں