اتوار,  05 اپریل 2026ء
اسلام آباد میں خاتون رپورٹر پر حملہ، پولیس کی مبینہ غفلت پر تنقید

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) دارالحکومت اسلام آباد میں صحافت پر ایک اور خطرناک حملے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں “ایک نیوز” چینل کی خاتون رپورٹر آفتاب جہان کو ڈیوٹی کے دوران ہراساں کیا گیا اور مزاحمت کرنے پر انہیں کیمرے کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

واقعے کا سب سے افسوسناک پہلو یہ ہے کہ موقع پر موجود پولیس اہلکار مبینہ طور پر ملزم کو فرار کروانے میں معاون ثابت ہوئے اور صحافیوں کو دھمکیاں دیں، جو ایک بار پھر پولیس کے رویے پر سوالات کو جنم دیتا ہے۔ صحافیوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات میں پولیس کی غفلت اور معاونت صحافتی آزادی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

اسلام آباد پولیس الرٹ، سیکیورٹی ڈیوٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت

ادھر میڈیا ہاؤسز اور صحافتی تنظیموں نے پولیس کی کارروائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔ صحافتی اداروں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی کرتی رہی تو یہ نہ صرف صحافیوں کی سلامتی بلکہ ملک میں آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق کو بھی خطرے میں ڈالے گا۔

سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا وہی محافظ جو عوام کی حفاظت کے لیے موجود ہیں، اب خود سوالوں کے کٹہرے میں کھڑے ہو گئے ہیں؟ صحافتی برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

یہ واقعہ اسلام آباد پولیس کی کارکردگی، صحافیوں کی حفاظت اور شہریوں کے بنیادی حقوق پر سوالیہ نشان لگا رہا ہے، اور اداروں سے فوری جواب طلب کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں