اسلام آباد (سعد عباسی) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس پی جوڈیشل پروٹیکشن یونٹ اقبال خان اور ایس پی ایوانِ صدر/پارلیمنٹ ہاؤس طاہر محمود خان نے مختلف مقامات پر سیکیورٹی ڈیوٹی کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران افسران نے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہیں ہر وقت الرٹ رہنے اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جوان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مکمل مستعدی کا مظاہرہ کریں اور سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
افسران کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے درمیان موثر رابطہ بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی
چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک کی ہدایت پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 سے زائد پولیس اہلکاروں کو بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ پر چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔
چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ اگر کوئی پولیس اہلکار بغیر ہیلمٹ پایا گیا تو اس کا موٹرسائیکل بھی بند کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔











