اسلام آباد(سعد عباسی) اسلام آباد پولیس نے آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کیے۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ سہالہ، شہزاد ٹاؤن، سبزی منڈی، گولڑہ، لوہی بھیر اور کراچی کمپنی کے علاقوں میں سرچ آپریشنز زونل ایس پیز کی زیر نگرانی کیے گئے، جن میں لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا۔
سرچ آپریشنز کے دوران 529 افراد اور 199 گھروں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 75 دکانوں اور 31 ہوٹلز کو بھی چیک کیا گیا۔ اسی طرح 162 موٹر سائیکلوں اور 52 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 22 مشکوک افراد، 23 موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ دو جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار بھی کیا گیا۔
آئی جی اسلام آباد نے جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں ایسے آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چیکنگ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











