اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بنی گالہ میں نوجوانوں اور بچوں کے لیے مختص واحد کھیل کا میدان مبینہ طور پر قبضے کی کوشش کا شکار ہو گیا ہے، جس پر علاقہ مکینوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق جب متعلقہ افراد سے زمین کے کاغذات یا اجازت نامے کے بارے میں پوچھا گیا تو کوئی تسلی بخش جواب فراہم نہیں کیا گیا۔
روزانہ اس میدان میں کھیلنے والے بچوں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کو کسی کلب کے حوالے کر کے کرائے پر دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس سے مقامی آبادی کھیل کی سہولت سے محروم ہو سکتی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق بنی گالہ، موہڑہ نور، سنجالیاں اور جیلانی میں یہ واحد میدان ہے جہاں نوجوان کھیل کی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں، اور قریبی آبادی کے پاس کوئی متبادل گراؤنڈ موجود نہیں۔ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر نوجوانوں کو احتجاج سے روکا گیا ہے، تاہم مستقل حل نہ نکلنے کی صورت میں بے چینی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور مذکورہ گراؤنڈ کو باضابطہ طور پر مقامی نوجوانوں کے لیے مختص کیا جائے تاکہ کھیلوں کی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔











